مہر خبررساں ایجنسی نے دویچ ولہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ اچانک سماجی رابطے کی سائٹ سے معطل ہوگیا جسے دوبارہ بحال کردیا گیا ہے۔ لوگوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کرنے کے بعد ٹوئٹر انتظامیہ نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے امریکی صدر کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال کیا، ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے جاری وضاحتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کا اکاؤنٹ ٹوئٹر کے ہی ملازم نے بند کیا تھا اور اس کا کمپنی میں آخری دن تھا۔
ٹوئٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کا اکاؤنٹ 11 منٹ کے لیے بند ہوا جو بحال کردیا گیا ہے تاہم واقعہ کی مزید تحقیقات کررہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جاسکے۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ اچانک سماجی رابطے کی سائٹ سے غائب ہوگیا اور جس نے بھی امریکی صدر کو اپنی ٹوئٹ میں ٹیگ کرنا چاہا اس کو پیغام ملا کہ " ہم معذرت خواہ ہیں لیکن یہ صفحہ موجود نہیں" ۔ ٹوئیٹر حکام نے ٹرمپ کے صفحہ کو دوبارہ بحال کردیا ہے۔
آپ کا تبصرہ